ایوی ایشن نیوز سیرین ایئر

سیرین ایئر کی پہلی بین الاقوامی پرواز بالآخر ایک دن کی تاخیر سے روانہ

سیرین ایئر کی پہلی بین الاقوامی پرواز اسلام سے شارجہ کے لیے تھی۔
سیرین ایئر کی پہلی بین الاقوامی پرواز اسلام سے شارجہ کے لیے تھی۔

پاکستان کی تیسری بڑی ایئرلائن سیرین ایئرکی پہلی باقاعدہ بین الاقوامی پرواز اڑان بھرنے سے چند لمحے قبل تکنیکی خرابی کے باعث گیٹ پر واپس آ گئی۔ سیرین ایئر لائین نے اپنی پہلی بین الاقوامی پرواز ایک دن کے تاخیر سے مکمل کی۔ پرواز ای آر 703 کی روانگی سولہ مارچ کو شیڈول کی گئی تھی مگر افتتاحی پرواز کو شارجہ لیجانے والے طیارے میں فنی خرابی کے باعث اسے گیٹ پر واپس لایا گیا اور فنی خرابی دور نہ ہونے کے نیتجے میں مسافروں کو اتار کر ہوٹل بھجوا دیا گیا۔ پرواز ای آر 703 پھر سترہ مارچ کو رات کے تین بجے روانہ ہو کر رات کے دو بجے شارجہ پہنچی۔

افتتاحی پرواز کے لیے سیرین ایئر نے اپنا پرانا بوئنگ سیون تھری سیون ایٹ ہنڈرڈ طیارہ جس کی رجسٹریشن اے پی بی ایل سی لگایا تھا مگر اس میں فنی خرابی کے نتیجے میں اگلے دن دوسرا بوئنگ سیون تھری سیون ایٹ ہنڈرڈ جس کی رجسٹریشن اے پی بی این ڈی ہے لگایا۔ مسافروں کو 22 گھنٹے کی تاخیر کے بعد اپنی منزل کی جانب روانہ ہونے کا موقع ملا۔ سیرین ایئرلائین نے سولہ مارچ کے لیے بین الاقوامی پروازوں کا اعلان کیا تھا۔ اسی مناسبت سے پرواز کی پہلے دن شارجہ روانگی سے قبل اسلام آباد ایئرپورٹ پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی تھی۔

سیرین ایئر ہفتہ وار تین پروازیں اسلام سے شارجہ کے درمیان چلائی گی۔ ہر منگل، جمعرات اور ہفتے کے روز ایئرلائن اپنی پروازیں چلائے گی جن کے لیے ایئرلائن اپنا بوئنگ سیون تھری سین ایٹ ہندرڈ طیارہ استعمال کرے گی۔ سیرین اس کے ساتھ ساتھ دبئی کے لیے لاہور سے پروازیں شروع کرنے جا رہی ہے جو یکم مئی سے شیڈول کا حصہ بنائی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ سیرین ایئر کے پاس چار بوئنگ سیون تھری سین ایٹ ہندرڈ طیارے ہیں جن میں سے ایک بالکل نیا بوئنگ کمپنی سے براہِ راست خریدا گیا تھا۔ باقی تین طیاروں میں سے دو ترکی کی انادولو جیٹ کے زیرِ استعمال طیارے تھے جن کی عمر تقریباً ساڑھے بارہ سال کے لگ بھگ ہے۔ تیسرا طیارہ تقریباً آٹھ سال پرانا ہے۔ یہ بات واضح نہیں ہے کہ سیرین نے اپنا نیا طیارہ اتنی اہم پرواز کے لیے کیوں نہیں استعمال کیا۔

Video

فالو کریں